اے پی سی کا فیصلہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے،شہباز شریف

اے پی سی کا فیصلہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اے پی سی کا فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتاہے۔غیر معمولی صورتحال کا مقابلہ غیرمعمولی اقدامات سے ہی کیا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو کچلنے کے لئے تمام قومی قیادت کا وزیراعظم محمد نوازشریف پر اظہار اعتماد خوش آئندہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھرمیں پٹرولیم مصنوعات کی مقررکردہ نئے نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک ہر قیمت پر پہنچائے جائیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک منتقل کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول، صوبائی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈی سی اوز پٹرولیم مصنوعات کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں اور کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول یاڈیزل کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ پٹرول یا ڈیزل کی عدم دستیابی پر فوری ایکشن لیا جائے اور اوور چارجنگ کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کردی ہے جبکہ اشیائے خورد و نوش، پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے کمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جس تناسب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی گئی ہے تاکہ اس کمی کے ثمرات سے عام آدمی پوری طرح مستفید ہو۔ متعلقہ ادارے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کیلئے متحرک وفعال کردار ادا کریں اوراس عوام دوست اقدام کے ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں اورعوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انشااللہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو مزیدریلیف فراہم کرنے کے لئے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی پراجیکٹ اورواٹر فلٹریشن پلانٹس کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے۔حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی ہے اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، مفاد عامہ کے اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں، حکومت وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک،چیئرپرسن صاف پانی پراجیکٹ ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عید میلادالنبی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس و انتظامی افسران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور فیلڈ میں موجود رہیں جبکہ منتخب نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور عیدمیلادالنبی کے جلوسوں کے روٹس مکمل چیکنگ کے بعد کلیئر کئے جائیں اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاسی ،مذہبی اورعسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہے۔اتحاد کی قوت اورباہمی مشاورت کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے اورپاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہنے والا پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،شہدا کا خون رنگ لائے گا،پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے اسے امن وسلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔پاکستان کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور ان حالات میں غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے ۔قومی ایکشن پلان دہشت گردوں کے وجود کوہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹانے کا متفقہ فارمولا ہے اور اس پر عملدرآمد سے یقیناًپاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات ملے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی ملک کی بقاء اوراستحکام کیلئے خطرہ ہے ۔ آئندہ نسلوں کو محفوظ پاکستان دینے کیلئے پوری قوم متحد اورپرعزم ہے ۔قومی یکجہتی اورباہمی اتحاد سے دہشت گردوں کو شکست فاش دیں گے۔دہشت گردی کے خلاف پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی قومی اتفاق رائے سے طے پانے والاقومی ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینا ہرپاکستانی کا عزم ہے ،انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کودہشت گردی اورانتہاء پسندی جیسے سنگین مسائل سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بے رحم دہشت گردوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں۔ان وحشی درندوں کو ان کی زبان میں جواب دینے کا وقت آگیاہے۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قومی قیادت کے جرأت مندانہ متفقہ فیصلے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء اوراستحکام کیلئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی اور آپشن نہیں ہے۔پاکستا ن اورامن کے دشمنوں کے خلاف قومی قیادت کے اتحاداور دلیرانہ فیصلوں پر عملدر آمد سے ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم ہوگا۔دہشت گردی کے خاتمے کی مشترکہ حکمت عملی پوری قوم کے دہشت گردوں کو کچلنے کے عزم کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں اور پوری قوم پاک افواج کے ساتھ اس جنگ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پا ک فوج انسانیت کے دشمنوں کا قلع قمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔پوری قوم کو افواج پاکستان کی قربانیوں اوردلیرانہ کردار پر فخر ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -