رینجرزاہلکاروں کی شہادت، پاکستان کابھارت کوخط،واقعہ پر شدیداحتجاج

رینجرزاہلکاروں کی شہادت، پاکستان کابھارت کوخط،واقعہ پر شدیداحتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این) قومی سلامتی اور خارجہ امور مشیر سرتاج عزیز نے بھارتی وزارت خارجہ کو خط لکھ کر ظفر وال سیکٹر میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں پنجاب رینجرز کے دو اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ پر احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے خط میں بھارتی سرحدی فورس کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی حکومت سے شدید احتجاج کیا اور اس معاملے کی فوری تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ خط میں کہا گیا کہ رینجرز اہلکاروں پر افسوسناک حملے سے دونوں ملکوں کے درمیان کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے قائم میکنزم کو نقصان پہنچے گا۔ مشیر خارجہ کا یہ خط سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا جس طریقے سے یہ واقعہ پیش آیا اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف رابطے کے اصولوں کے منافی ہے بلکہ اس سے پاکستانی اہلکاروں کا اعتماد بھی ٹوٹا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مسلح افواج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی سے نمٹنے میں پوری طرح مصروف ہیں۔ بھارت کا یہ الزام کے پاکستان دراندازی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے مکمل طورپر حقیقت کے برعکس ہے۔ واضح رہے کہ 31دسمبر کو بھارتی سرحدی فورس نے فلیگ میٹنگ کیلئے بلائے گئے پنجاب رینجرز کے اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -