ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی میں اہم پیش رفت ہے، امین وینس

ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی میں اہم پیش رفت ہے، امین وینس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(وقائع نگار خصوصی)سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تھانوں میں ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پولیس افسران کے دفتروں میں مسائل کے حل کے لیے آنے والے شہریوں کا رش کافی کم ہو گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایڈمن افسروں کی تعیناتی کا بنیادی مقصد تھانوں میں خوش اخلاقی اور بہتر ماحول کو فروغ دینا ہے تاکہ اپنی پریشانیوں اور مسائل کے حل کے لیے تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات نہ صرف تسلی سے سنی جائیں بلکہ ان کے حل کے لیے جتنا جلد ہو سکے قانونی کاروائی کی جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعید بھی موجود تھے۔سی سی پی او نے گزشتہ ہفتے میں تھانے میں آنے والے عام آدمی کے مسائل میں خصوصی دلچسپی لینے اور ان سے پیار و محبت سے پیش آتے ہوئے مسائل حل کروانے پر تھانہ شمالی چھاونی، ماڈل ٹاؤن اور گرین ٹاؤن کے ایڈمن افسروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ دیگر ایڈمن افسر بھی اسی طرح تھانے میں آنے والے شریف شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیار سے پیش آئیں تاکہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کا تاثر واضح طور پر نظر آنا شروع ہو جائے۔انہوں نے بیسٹ ایس ایچ او آف دی منتھ کی طرح بیسٹ ایڈمن آفیسر آف دی منتھ کو بھی انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا۔

مزید :

علاقائی -