دبئی کے ہوٹل میں آگ کہاں سے اور کیسے شروع ہوئی؟ ایک تصویر نے معمہ حل کردیا؟
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعرات کے روز دبئی کی چند شاندار ترین عمارتوں میں سے ایک کو خوفناک آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کی وجہ کا سراغ لگانے کی کوششوں میں ایک تصویر انتہائی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ اخبار ’دی انڈی پینڈنٹ‘ کے مطابق ایڈریس ہوٹل کے باہری حصے میں آگ بھڑکنے کے آغاز کے وقت پر ایک تصویر بنائی گئی، جسے دبئی کی پولیس تحقیقات میں بنیادی ترین اہمیت کی حامل قرار دے رہی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ تصویر پولیس کے ایک فرانزک فوٹوگرافر نے بنائی اور اسے ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیا چا چکا ہے۔
مزید جانئے: اسرائیلی لڑکی اور عرب نوجوان کی محبت سے اسرائیل خطرے میں پڑ گیا
سیکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے سب سے پہلے عمارت کی بیسویں منزل کے باہری حصے میں نظر آئے۔ تصویر بنانے والے فرانزک فوٹوگرافر ظاہی خلفان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کا آغاز اسی تصویر سے ہوا ہے۔ دبئی پولیس کے نائب سربراہ کا بھی کہنا تھا کہ آگ کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں، اور ان تحقیقات میں فوٹوگرافر کی بنائی گئی تصویر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایڈریس ہوٹل دبئی شہر کی چھٹی بلند ترین عمارت ہے ۔ اس کی بلندی تقریباً 991 فٹ ہے اور اس میں تقریباً 200 کمرے اور 600 اپارٹمنٹ ہیں۔ اس عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ پر مکمل قابو پالیا گیا تھا، اور خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔