مزارات ،مساجد اور زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹر ائزڈ کرنیکا فیصلہ

مزارات ،مساجد اور زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹر ائزڈ کرنیکا فیصلہ

لاہور(محمد نواز سنگرا)محکمہ اوقاف و مذہبی امور میں جدت لانے کا فیصلہ۔ محکمے کے تمام مزارات،مساجد اور زمینوں کا ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا۔پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کے قیام سے تعین کیا جائے گا کہ محکمہ اوقاف کی کتنی زمینوں پر لوگ غیر قانونی طور پر قابض ہیں ،بنجر ،قابل کاشت اور کمرشل زمینوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔پی ایم یو میں ایک ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز بھرتی کیے گئے ہیں ۔ابتدائی طور پر پراجیکٹ ایک سال کیلئے ہو گا جس کی مدت بڑھا کر 2سال کی جا سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف و مذہبی امور جو کہ بہت ہی پرانے سسٹم کے تحت چلائے جا رہا ہے اس میں جد ت لانے کیلئے پنجاب حکومت نے محکمے میں ایک پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر گا ۔جس میں محکمہ اوقاف کی ایک ایک چیز کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا کہ کون سی چیز کہاں واقع ہے اور کہاں پر زمینوں پر غیر قانونی قبضے ہیں کمرشل اور زرعی زمینوں سے کرائے کی مد میں کتنی آمد ن ہوتی ہے ۔کیا زمینوں کی پیداوار کے حوالے سے کرایا لیا جاتا ہے۔درباروں اور مساجد میں کیا کیا مسائل ہیں ۔جو مزارات کئی سالوں سے خسارے میں جا رہے ہیں اس کی وجہ کیا ہے تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد محکمے کوجدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا جس کے بعد کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو گا اور تمام تر امور کو ٹیکنیکل کرنے سے بدعنوان عناصر کی بھی حوصلہ شکنی ہو گا۔پراجیکٹ منیجمنٹ کے قیام کیلئے کام جاری ہے جس کو جلد مکمل کر لیا جائے گا پی ایم یو میں ایک ڈائریکٹر بھرتی کیا جائے گا وہ کسی سرکاری محکمے سے ڈیپوٹیشن پر بھی لیا جا سکتا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک تجربہ کا افسر بطور ڈائریکٹر تعینات کیا جائے گا اور توقع ہے کہ پلاننگ اینڈ ڈویلمنٹ سے کسی افسر کو لیا جا سکتا ہے ۔ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور 20کے لگ بھگ ڈیٹا انٹری آپریٹرز بھرتی کیے جائیں گے۔پراجیکٹ ابتدائی طور پر ایک سال میں کام مکمل کرے گا جبکہ مدت ایک سال کیلئے بڑھائی بھی جا سکتی ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایم یو کے قیام اور تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے محکمے کو کرپشن سے پاک کرنے میں مد د ملے گا اور محکمہ امور جدید بنیادوں پر استوار ہو گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1