پائلٹ عصمت محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7جنوری تک توسیع
لاہور ( نامہ نگار )انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7جنوری تک توسیع کر دی۔ شاہین ایئر لائنز طیارہ حادثہ کیس کے ملزم پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کو جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، عدالتی حکم پر ملزم کے چالان کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔ پولیس نے محکمہ پراسکیوشن کے ذریعے حتمی چالان پیش کیا جس میں کہا گیا کہ عصمت محمود نے شراب کے نشے میں جہاز اڑایا اور مسافروں کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا۔ گزشتہ روز عدالت میں ملزم کیپٹن عصمت محمود کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ دونوں ہاتھوں پر ہتھکڑی لگانے سے بہت تکلیف ہوتی ہے، عدالت پولیس کو ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگانے کا حکم دے۔ جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم کو ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جائے۔ کیپٹن عصمت محمود پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔