سعودی سفارت خانہ جلانےکے خلاف لاہور میں احتجاج ،ایران یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے ،سازشوں سے باز آئے : ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

سعودی سفارت خانہ جلانےکے خلاف لاہور میں احتجاج ،ایران یمن میں حوثی باغیوں ...
 سعودی سفارت خانہ جلانےکے خلاف لاہور میں احتجاج ،ایران یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے ،سازشوں سے باز آئے : ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

  

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تہران میں سعودی سفارت خانے کو جلائے جانے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں ایران کے خلاف احتجاج ،لاہور میں راوی روڈ اور دالگراں چوک میں احتجاجی  مظاہرے  ،ایران کے خلاف شدید نعرے بازی ۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور  میں ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ، ایم این اے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی کی قیادت میں الگ الگ مظاہرے ہوئے ۔راوی روڈ کے باہرمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ محاز آرائی کرنا چاہتا ہے۔ یمن میں حوثیوں باغیوں کی سرپرستی کررہا ہے، سعودی عرب  حرمین شریفین کے تحفظ کی جنگ لڑرہا ہے۔ دہشت گردوں کو پھانسی دینا سعودی سالمیت کے لیے ناگزیر تھا ،  ایران کو سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تہران میں سعودی سفارت خانے کو جلایا گیا اور اس سعودی پرچم کی توہین کی گئی جس پر کلمہ طیبہ لکھا گیا تھا۔ہم اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔جامعہ اہل حدیث دالگراں چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ذمے فرض ہے ،ایران غیر ملکی قوتوں کی آشیر آباد سے مسلمانوں کے مرکز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے لیکن غیور مسلمان ایران کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔مولانا شکیل الرحمن ناصر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف سازشیں کرنے والے یہود و ہنود کے ایجنٹ ہیں ،ہم سروں پر کفن باندھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ دیں گے مگر حرمین شریفین کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔اس موقع پرمظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر سعودی عرب کے حق اور ایران کے خلاف نعرے درج تھے۔دوسری طرف تحریک تحفظ حرمین شریفین کے زیر اہتمام فیصل آباد ،راولپنڈی ،اور ملتان میں بھی تہران میں سعودی سفارت خانہ نذر آتش کرنے کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔جبکہ تحریک تحفظ حرمین شریفین کے سربراہ مولانا رانا نصراللہ خان نے دینی جماعتوں کامشترکہ اجلاس 5جنوری کو لاہور میں طلب کر لیا ہے جس میں حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے قومی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔

مزید : لاہور