طلبا ء تنظیموں نے المحمدیہ سٹوڈنٹس پر امریکی پابندیو ں کو مستر د کر دیا ، ملک گیرمظاہروں کا اعلان

طلبا ء تنظیموں نے المحمدیہ سٹوڈنٹس پر امریکی پابندیو ں کو مستر د کر دیا ، ملک ...

  

 لاہور( صباح نیوز)ملک بھر کی طلباء تنظیموں نے امریکہ کی طرف سے المحمدیہ سٹوڈنٹس پر لگائی جانے والی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ بھارت کی خوشنودی کیلئے لگائی گئی پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتے۔ پانچوں صوبوں و آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں کے طلباء المحمدیہ سٹوڈنٹس کے ساتھ ہیں۔ داعش جیسی تنظیموں کو پروان چڑھانے والے امریکہ کی جانب سے تعلیم دوست طلباء تنظیم پر پابندیاں لگانا کہاں کا انصاف ہے؟تعلیمی اداروں میں بھارتی و امریکی سازشیں بے نقاب کرنے پر پابندی کا اعلان کیا گیا۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کے کسی ایک رکن کیخلاف بھی کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے۔ ملک میں طلباء کی بہتری کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد، اسلامی تحریک طلبا کے چیئرمین غلام عباس ،جمعیت طلباء اسلام (ف)کے مرکزی صدر عبدالرحمن،امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائیزیشن کے مرکزی رہنما وسیم کربلائی،انجمن طلبا اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اکرم رضوی اور دیگر طلبا تنظیموں کے رہنماؤں عبدالحنان، جنید الرحمن، عثمان سرور، وقار احمد، انجینئر سہیل بشیر، صفی اللہ ، مظہر علی و دیگر نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ہم پر لگائے جانے والے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں۔المحمدیہ سٹوڈنٹس لسانی ، مسلکی اور صوبائی تعصبات سے پاک محب الوطن طلبا تنظیم ہے جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیمی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ہم ملک بھر میں نوجوانوں کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر تربیت دے رہے ہیں۔امریکہ کی طرف دہشتگردی کا الزا م عائد کرنا اور پابندی کا اعلان تعلیم دشمنی ہے۔ ہم اس کے خلاف ملک میں احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ خود دنیا میں داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کو پروان چڑھارہاہے لیکن دوسری جانب تعلیم دوست طلبا تنظیموں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں؟ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں طلبا کو لسانی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر پاکستانی پرچم تلے جمع کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم بھارت اور امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے۔ ہمارے اس تعمیر وطن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہم پر یہ پابندیاں لگائی جارہی ہیں لیکن ہم امریکہ کی ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتے ۔محمد راشد نے کہاکہ لشکر طیبہ ایک کشمیری جماعت ہے۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ امریکی انتظامیہ نے محض بھارت کو خوش کرنے کے لیے کشمیری جماعت کا سہارا لے کر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے۔المحمدیہ سٹوڈنٹس اپنا کام بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی اور اسی طرح نوجوانوں کو ملک بھر میں پاکستان کے لیے اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے پر ابھارتی رہے گی۔، اسلامی تحریک طلبا کے چیئرمین غلام عباس نے کہا ہے کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس پر لگنے والی امریکی پابندی قابل مذمت ہے اور امریکہ کی طرف سے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے۔جمعیت طلباء اسلام (ف)کے مرکزی صدر عبدالرحمن نے کہا ہے کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی اسلام پسند طلبا تنظیموں کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماوسیم کربلائی کا کہنا تھا کہ امریکہ بزرگ شیطان ہے اور عالمی دہشت گرد ہے ۔ اس کی طرف سے المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی مضحکہ خیز ہے اور ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔انجمن طلبا اسلام کے رہنما اکرم رضوی نے کہا کہ ہم اس موقع پر المحمدیہ سٹوڈنٹس کے ساتھ ہیں اور مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پابندی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ملک بھر کی مختلف طلباء تنظیموں کے رہنماؤں عبدالحنان، جنید الرحمن، عثمان سرور، وقار احمد، انجینئر سہیل بشیر، صفی اللہ ، مظہر علی و دیگر نے کہاکہ المحمدیہ سٹوڈنٹس ملک بھر میں نظریہ پاکستان کے سیمینارز کا انعقاد کرواتی ہے۔ان سیمینارز کا مقصد نوجوانوں میں نظریہ پاکستان کے حوالے سے آگہی پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس نوجوانوں کو شدت پسندی سے دور رکھتے ہوئے نظریہ پاکستان سے جوڑنے کے لیے سرگرم ہے۔ نوجوانوں کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کرنے میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کا بہت اہم کردار ہے ۔

المحمدیہ سٹوڈنٹس

مزید :

صفحہ آخر -