سابق ڈائریکٹر پی آئی ڈی بشیر احمد انتقال کرگئے، جنازہ میں اہم شخصیات کی شرکت

سابق ڈائریکٹر پی آئی ڈی بشیر احمد انتقال کرگئے، جنازہ میں اہم شخصیات کی شرکت

  

لاہور (سٹاف رپورٹر) پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سابق ڈائریکٹر اشتہارات بشیر احمد گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ روزنامہ ’’جنگ‘‘ کے ایڈیٹر رپورٹنگ پرویز بشیر، اورئینٹ ایڈورٹائزنگ کے راشد بشیر اور نعیم بشیر کے والد تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ مسجد شہداء شاہراۂ قائداعظم میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جن میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی میاں جاوید لطیف، میاں اسلم اقبال، میاں مرغوب احمد، روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی، ڈاکٹر فیاض رانجھا، سہیل وڑائچ، بیدار بخت بٹ، صہیب مرغوب، مقصود بٹ، نعیم مصطفیٰ، واصف ناگی، زاہد علی خان، عفی ملک، حبیب چوہان، ساحر رشید اور دیگر شامل ہیں۔ مرحوم کو بعدازاں قبرستان میانی صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ بشیر احمد مرحوم طویل عرصے تک وفاقی حکومت کے اطلاعاتی ادارے پی آئی ڈی کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ وہ ڈپٹی سیکرٹری، کنٹرولر اے بی سی، انچارج ڈائریکٹر نیوز پرنٹ اور نیشنل پریس ٹرسٹ کے جنرل مینجر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ انہیں سری لنکا میں پریس اتاشی تعینات کیا گیا۔ جہاں 1970ء سے 1977ء تک کام کرتے رہے۔ مرحوم کو سابق صدر ایوب خان کے دور میں تمغۂ خدمت سے بھی نوازا گیا۔ چند روز قبل علالت کے باعث انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور طبیعت سنبھل جانے پر واپس گھر آگئے، جہاں پیر کے روز خالق حقیقی سے جاملے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، گورنر محمد رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز سمیت ممتاز سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بشیر احمد کی رحلت پر ان کے فرزند پرویز بشیر سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب اور حمزہ شہباز شریف نے ٹیلیفون کرکے مرحوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -