ٹریفک کے گھمبیر مسائل کے حل کیلئے4فلائی اوورز تعمیر کئے،عنایت اللہ

ٹریفک کے گھمبیر مسائل کے حل کیلئے4فلائی اوورز تعمیر کئے،عنایت اللہ

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ شہر پشاور کے لوگوں کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ ٹریفک کے گھمبیر مسئلے پر قابوپانے کیلئے 4 فلائی اوورز تعمیر کئے ہیں جبکہ 2مزید فلائی اووروز تعمیر کریں گے اور اسی طرح بہتر سفری سہولیات کیلئے ریپیڈ بس سروس کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرگیشن کالونی پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ "گلونہ پیخور "کی صفائی و آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ پشاور 5ہزار سال پرانا شہر ہے جو سنٹر ایشیاء کا تجارتی مرکز اور تاریخی گیٹ وے ہے اور انشاء اﷲ یہاں پر ماضی کی طرح تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی اور پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔شہر میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب،باغات،پارکوں ،سڑکوں کی کشادگی ،فٹ پاتھوں کی تعمیر،معیاری سولر لائٹ کی تنصیب اور گرین بلٹس بنائے گئے ہیں ن۔سینئر وزیر نے کہا کہ تہذیب یافتہ ممالک میں حکومت کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں مگر یہاں کے لوگ نہ دلچسپی لیتے ہیں اور نہ فلاحی کاموں میں حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے نظام میں تبدیلی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اب حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نہ صرف ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ بلکہ ہر فلاحی ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور صفائی مہم کو میاب بنائیں تاکہ صوبائی حکومت کی صفائی مہم ویلج کونسلوں کی سطح تک کامیاب رہے۔انہوں نے صفائی مہم میں میڈیا باالخصوص اے وی ٹی چینل، الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی تنظیموں کا بھر پور انداز میں حصہ لینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل اور دیگر نے بھی خطا ب کیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -