حالات خراب کرنیوالوں کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ،ن لیگ تخت بھائی

حالات خراب کرنیوالوں کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ،ن لیگ تخت بھائی

  

تخت بھائی(نامہ نگار)11جنوری کو صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کے ابائی حلقے میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کے جلسے کو کامیاب بنانے اور پی ٹی آئی کی ممکنہ سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) اور ذیلی تنظیموں نے بھرپور حکمت عملی طے کر لی اور انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان ، ایم پی اے افتخار علی مشوانی اور ان کے کارکنوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس ایف خیبر پختونخواہ کے جنرل سیکرٹری عابد یوسفزئی نے میڈیا کلب تخت بھائی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر تعلیم عاطف خان ، ایم پی اے افتخار علی مشوانی اور ان کے کارکنان نے 11جنوری کو PK-30میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی آمد پر ہلڑبازی یا انتشار کی کوشش کی تو انہیں اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ممبران اسمبلی اور کارکنوں کو گزشتہ روز کے واقعے سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر 11جنوری کے روز جلسہ عام میں تحریک انصاف نے ہلڑبازی یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو انہیں بھر پور جواب دیا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ان کو دن میں تارے دکھا دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تختیوں پر اپنی سیاسی دکان چمکانے والے اپنی گریبانوں میں جھانک کر دیکھے۔انہوں نے ایم پی اے افتخار علی مشوانی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اوقات میں رہے اور اپنی قد کاٹ کے مطابق سیاست کریں ورنہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ان کے گھر کا گھیراؤ کر کے ان کا وہ حشر کرینگے کہ آئندہ تحریک انصاف کے کسی ایم پی اے یا ایم این اے کو ہماری طرف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -