ضلع مردان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،کمشنر ذاکر حسین
مردان ( بیورورپورٹ )ضلع مردان قدرتی وسائل سے مالا مال، قدیم تہذیبوں اور علوم وفنون کا مسکن اور سیاسی اور تاریخی لحاظ سے اہم ترین علاقہ ہے جس کے باسیوں نے ہر دور میں ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار مقررین نے ضلع مردان کی 80ویں سالگرہ کے حوالے سے پختونخوا ہاؤس مردان میں ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار ،ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ضلع مردان کے (Logo) ،سول ملازمین کے نئے کمپیوٹر ائزسروس کارڈ اور پرچم کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ضلع نائب ناظم اسد خان ، تحصیل ناظم ایوب خان ، تحصیل ناظم کاٹلنگ مولانا امداداللہ ،ضلع کونسل اور تحصیل کونسل کے ارکان، مختلف سرکاری محکموں اور انتظامیہ کے افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔اس موقع پر ضلع مردان کے بارے میں ممتاز محقق فرہاد خاور کی تیار کردہ دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جبکہ سکول کے بچوں اور بچیوں نے ٹیبلو اور قومی نغمے پیش کیے۔مقررین نے مردان کے 80ویں سالگرہ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ضلعی ناظم حمایت اللہ مایار کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ڈاکٹر احسان علی نے کہا کہ ضلع مردان کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے اور گندھارا تہذیب کے عروج کے دور میں یہاں سینکڑوں مدرسے قائم تھے جہاں چین ، کوریا اور جاپان سے لوگ بدھ مت کی تعلیمات اور دیگر علوم سیکھنے کے لیے آتے تھے اور خان گجوخان کے زمانے میں مردان یوسفزئی سٹیٹ کا دارلخلافہ رہا ۔ضلع ناظم حمایت اللہ مایار نے کہا کہ مردان کا خطہ زرخیز بھی اور مردم خیزبھی ہے اور ضلع مردان کے لوگوں نے ہمیشہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کیا ہے ۔اُنہوں نے کہا ضلع مردان کو اللہ نے ہر قسم کے وسائل سے مالا مال کیا ہے اور ضلعی حکومت نے ان وسائل کو ضلع کے عوام کے فلاح وبہبود کے لیے استعمال کرنے کیا تہیہ کیا ہوا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے آئندہ اہداف میں سکول سے باہر بچوں کو ہر قیمت پر سکول میں لانا اور ضلع میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ماحول کو بہتر بنانا شامل ہے ۔مہمان خصوصی کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی نے کہا کہ مردان کی ترقی ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لیے انتظامیہ اور منتخب نمائندے عوام کے تعاون سے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر ضلع مردان کے 80 سالگرہ کی منا سبت سے اسی پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے ٹیبلو اور نغمے پیش کرنے والے بچوں کے لیے ایک لاکھ روپے اور کمشنر مردان نے بیس ہزار روپے کے نقد انعام کا بھی اعلان کیا ۔