پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججزکوبیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے تربیت کی فراہمی کامنصوبہ تیار

پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججزکوبیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے تربیت کی فراہمی ...
پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججزکوبیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے تربیت کی فراہمی کامنصوبہ تیار

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی ڈائریکٹرجنرل عظمی اختر چغتائی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججزکوبیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے تربیت کی فراہمی کے لئے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے،نئے قوانین سے متعلق تربیتی کورسزمکمل کرنے والے ججز کی استعداد کار میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی ڈائریکٹرجنرل عظمی اختر چغتائی نے بتایا کہ گزشتہ سال جنوری سے دسمبر تک مجموعی طور پرپنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے 1335ججزکو جوڈیشل اکیڈمی میں تربیت فراہم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تربیت مکمل کرنے والے ججوں کوسوشل میڈیا،سائبر قوانین،میڈکولیگل فرانزک سائنس،انکم ٹیکس کے قوانین ،صنفی احساس کے علاوہ ماحولیاتی اور بین الاقوامی قوانین کے حوالے سے نہ صرف آگہی فراہم کی گئی بلکہ انہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بدلتے قوانین سے متعلقہ تربیت فراہم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کے دوران ججوں کی تربیت کے لئے مختلف پروگرام اختتام پذیر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 859سول ججز75 سینئر سول ججز،381 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کے علاوہ 20 ڈسٹرکٹ انڈ سیشن ججوں نے تربیت مکمل کی۔انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار موجود ہیں کہ نہ صرف تربیت مکمل کرنے والے ججوں کی استعداد کار میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کی فیصلہ سازی میں بہتری آئی ہے۔انہوں نےکہا کہ ججوں کوجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے انفرمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت کے لئے خصوصی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز میں پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججوں کو ضلع کی سطح پر تربیت کی فراہمی اور بیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ججوں کو لیکچرز کی فراہمی کے لئے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جسے جلد عملی جامہ پہنا دیا جائے گا۔

مزید :

لاہور -