حکومت پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام اور عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی: رانا تنویر حسین
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو 2018میں بھی شکست نظر آرہی ہے ٗمسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی اور موثر پالیسیوں کی بدولت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ضمنی اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں پہلے ہی شکست کا سامنا کر چکے ہیں اور انہیں سال 2018ء کے عام ا نتخابات میں بھی اپنی شکست نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے الزام تراشی سے ایک ہارے ہوئے شخص کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی اور موثر پالیسیوں کی بدولت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کیس عدالت میں ہے اور وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ کراچی میں ترقیاتی منصوبے شروع کرے۔ وفاقی حکومت انہیں اس سلسلے میں فنڈز فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔