عمران خا ن کو کسی کی عزت کا پاس نہیں،جو منہ میں آتا ہے بول دیتے ہیں:عاصمہ جہانگیر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آ ن لائن)سینئر قانون دان عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف کو کسی کی عزت کی پرواہ نہیں ہے ان کے منہ میں جو آتا ہے بول دیتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ “ میں عاصمہ جہانگیر کا عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہناتھا کہ خان صاحب کچھ بھی بولتے ہوئے سوچتےنہیں ہیں، جس کو دل چاہا لنگڑا کہہ دیا ، کسی کو پاگل کہہ دیا۔ پی ٹی آئی نے تو سڑکوں پر میلہ لگایاہوا ہے مگر حکومت کو چاہیے کہ ان کو نظر انداز کرے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت کے باہر عدالت نہ لگائیں، اپنا کیس عدالت میں آکر لڑیں ۔اگر سڑکوں پر ہی عدالت لگانی تھی تو کیا تحریک انصاف عدالت میں چنے کھانے آئی ہے؟۔عدالت میں جانے کے بعد باہر بیٹھ کر باتیں نہ کریں کیونکہ عدالت کے باہر کی جانیوالی بحث کا کوئی سر پاوں نہیں ہوتا۔
عاصمہ جہانگیر نے پانامہ کیس سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس کیس کی فائل نہیں پڑی اور نہ ہی کیس کو فالو کر رہی ہوں۔کیس کافیصلہ عدالت نے کرنا ہے پٹیشنز نے نہیں۔ عدالت سے اپنی مرضی کا فیصلہ نہیں لیا جاسکتا۔لیکن اگر تحریک انصاف کے پاس اگر کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں ،کیس کوئی بھی جیتے لیکن تمیز ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں دستاویزات کی فوٹو کاپیوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔کیس میں بطور ثبوت اصل دستاویزات پیش کریں۔