لاہور ، اسلام آباد ، پشاور، آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں خنکی میں اضافہ ، سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے پہاڑی علاقوں میں پہنچ گئے

لاہور ، اسلام آباد ، پشاور، آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں خنکی میں اضافہ ...
لاہور ، اسلام آباد ، پشاور، آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں خنکی میں اضافہ ، سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے پہاڑی علاقوں میں پہنچ گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) دعائیں رنگ لے آئیں ، ملک میں طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ، لاہور ، اسلام آباد ، پشاور ، آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے خنکی بڑھ گئی ۔تفصیلات کے مطابق طویل خشک سالی کے بعد ابر رحمت برس پڑا ، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی طویل خشک سالی کے بعد ملک میں بارشوں کا آغاز ہوگیا،جسسے موسم خوشگوار جبکہ بارش کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ 4ماہ بعد اسلام آباد کے شہریوں کی بھی دعا قبول ہوئی، وفاقی دارلحکومت میں ہلکی بارش سے خنکی بڑھ گئی جس پر شہریوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ صوبائی دارلحکومت لاہور اور قصور میں بھی بوندا باندی سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، حسن ابدال، فیصل آباد، چنیوٹ و گردونواح، آزاد کشمیر، چترال، سوات اور چکوال میں بارش جبکہ پشاور، اسلام آباد اور چنیوٹ میں بوندا باندی ہوئی۔آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ ، باغ ، مظفرآباد ، نیلم اور ہٹیاں میں بھی ابر رحمت کھل کر برسا جس نے موسم کو مزید سرد بنا دیا۔ سیاح بھی موسم کا مزا لینے کیلئے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے لگے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ، دیر بالا اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی نے پنجے گاڑ لئے۔ بٹ خیلہ شہر اور تحصیل در گئی میں بھی موسلادھار بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی،سوات کے علاقوں تحصیل مٹہ ،کبل اور بری کوٹ میں بارش خوب جم کر برسی جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔’’موسم کی خبر‘‘ دینے والوں کا کہنا ہے بارش کاسلسلہ دو سے تین روز تک قفے وقفے سے جاری رہے گا ،جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ اور دھند میں کمی آئے گی۔ زرعی ماہرین کے مطابق بارش کے بعد خشک موسم سے متاثرہ فصلوں میں بھی جان پڑجائے گی جبکہ طبی ماہرین نے خشک سردی کی وجہ سے پھیلی موسمی بیماریوں سے بھی شہریوں کو نجات ملنے کی نوید سنائی ہے ۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج(منگل ) سے موسم سرما کی بارش کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 4 سے 5 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔دوسری جانب چترال میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث لواری ٹاپ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ لواری ٹاپ پر ایک فٹ برف پڑی ہے جس کے باعث سینکڑوں مسافر لواری ٹنل کے دونوں اطراف پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ مسافروں کو لواری ٹنل کھلنے کا انتظار ہے۔

مزید :

ماحولیات -