پانامہ کیس کمزورہونے کے باعث شریف خاندان وکیل تبدیل کررہاہے ،مقدمہ کافیصلہ ہوناچاہئے :سینیٹر اعتزاز احسن
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماسینیٹراعتزازاحسن نے کہاہے کہ بارثبوت شریف خاندان پرہے ،پیسہ پاکستان سے گیایاکسی اورملک سے گیا؟شریف خاندان کومنی ٹریل دیناہوگی ،پانامہ کیس کمزورہونے کے باعث شریف خاندان وکیل تبدیل کررہاہے،مے فیئرفلیٹس کی ملکیت تسلیم ہونے کے بعدکمیشن کی ضرورت نہیں ،مقدمہ کافیصلہ ہوناچاہئے ۔
نجی ٹی وی چینل’’اے آر وائے نیوز‘‘کودیئے گئے انٹرویومیں سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ شریف خاندان کوتمام لوگوں نے کہاکہ آپ کاکیس کمزورہے ،اس وجہ سے وہ آئینی ترمیم لیکرآئیں ،24ویں آئینی ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے فیصلے پراپیل کاحق ہے ،کیس کمزورہونے کے باعث شریف خاندان وکیل تبدیل کررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بارثبوت شریف خاندان پرہے ،پیسہ پاکستان سے گیاتوشریف خاندان کومنی ٹریل دیناہوگا،اگرپیسہ پاکستان سے نہیں گیاتوکسی اورملک سے گیاہوگا؟کسی اورملک سے پیسے گئے توبھی ثبوت دیناہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ جائیداداورانکم پرہرپاکستانی ٹیکس دیتاہے، شریف خاندان کے لئے کوئی الگ قانون نہیں، شریف خاندان کوبھی ٹیکس کیلئے اصل جائیداددکھاناہوگی ۔انہوں نے کہاکہ پانامہ کیس بالکل سیدھاہے ،پانامہ میں جن فلیٹس کاذکرہے ان کی ملکیت شریف خاندان نے تسلیم کرلی ہے ،اب انہیں منی ٹریل کابتاناہے، اب کسی کمیشن کی ضرورت نہیں بلکہ مقدمہ کے فیصلے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کوکوئی ثبوت پیش کرنے کی ضرورت نہیں ،شریف خاندان نے ثابت کرناہے کہ جائیدادکی خریداری کیلئے جورقم گئی وہ جائزتھی یانہیں تھی ؟۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کاپانامہ کیس لڑنے کیلئے تیارتھاتاہم کچھ ایسے واقعات ہوگئے کہ فیصلہ تبدیل کرناپڑا۔