گنے کی فی من 180 روپے قیمت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں‘ شیخ علاؤالدین

گنے کی فی من 180 روپے قیمت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں‘ شیخ علاؤالدین

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ پنجا ب حکومت کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے اور کسی کو بھی کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے یا ان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر شوگر ملز مالکان سے کسانوں کو گنے کی فی من 180 روپے قیمت دلوانا حکومت پنجاب کاٹارگٹ ہے اور اس کیلئے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ اپنا کلیدی کردار نبھا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس، ننکانہ شریف میں ضلعی انتظامیہ کے افسروں ،شوگر ملز اور کسان تنظیموں کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرننکانہ شریف ملک عبدالوحید نے صوبائی وزیر کو ضلع میں غیر قانونی کنڈوں کے خلاف کارروائی ،مقدمات کے اندراج اورگنے کی خریداری مہم کے دوران شوگرملزکی مانیٹرنگ پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔

صوبائی وزیر نے کاشتکاروں سے ان کے مسائل سنے اور موقع پر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ شوگر ملز مالکان کسانوں سے حکومتی نرخ پر گنا خریدیں ،کسانوں کو پکی رسید(پی سی آر)جا ری کی جائے ،کٹوتی نہ کی جائے اور ادائیگیاں جلد کی جائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرننکانہ شریف ملک عبدالوحیدکو ہدایت کی کہ گنے کی خریداری کے عمل کی خود نگرانی کریں ۔ شوگر ملز کے اندر وزن سے پہلے اور بعد میں ٹرالیوں کی تصاویربنائی جائیں اوروزن کا اندراج کرکے کٹوتی کرنے کے عمل کا خاتمہ یقینی بنایاجائے۔

مزید : کامرس