لاہورآرٹس کونسل کے ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے 47ملازمین مستقل

لاہورآرٹس کونسل کے ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے 47ملازمین مستقل
 لاہورآرٹس کونسل کے ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے 47ملازمین مستقل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر)وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے 47ملازمین کی ملازمت کومستقل کردیا گیا ہے اس سلسلہ میں الحمراء ہال نمبرIIIتقریب میں منعقد ہوئی جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطاء محمد خان نے ملازمین میں مستقل تقرری کے لیٹر تقسیم کئے اور تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمراء نے فن وثقافت کی ترویج کے لئے اب تک جولاتعداد ترقیاتی کام کئے ہیں ان میں سے ایک ملازمین کی فلاح و بہبود اورخوشحالی بھی شامل ہے جس کے تحت ملازمین کو مستقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ ملازمین کو مستقل کیا جارہا ہے انہیں پہلے سے زیادہ ذمہ داری اور تندھی کے ساتھ اپنے دفتری فرائض انجام دنیا ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لاہور آرٹس کونسل نے مستقل ملازمین کے خاندان کو نئے سال کی حقیقی خوشیوں کا جو تحفہ دیا ہے اسے ملازمین ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
مستقل ہونے والے ملازمین نے ایگزیکٹوڈائریکٹر کیپٹن(ر)عطاء محمد خان اورخصوصاََ ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) آفتاب احمد انصاری اور دیگر متعلقہ افسران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ کام تکمیل کو پہنچا ہے۔ دو روز قبل ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل کیپٹن(ر)عطاء محمد خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس جس میں ممبران بورڈ آف گورنرزنیئرعلی دادا ،مسعود اختر،شاہدہ منظور، ایم پی اے کنول نعمان ، سنیئرآرٹسٹ راشد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر(ایڈمن)لاہورآرٹس کونسل آفتاب احمد انصاری ،سنیئر اکاؤنٹ آفسیرحبیب احمد خان اور نور احمد شامل تھے،نے ملازمین کے سروس ریکارڈ کی چھان بین کے بعد مستقل کرنے کی سفارش کی تھی جس پر عملدآمد کردیا گیا ہے۔تقریب میں سابق چئیرمین عطاء الحق قاسمی اور سابق ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل محمدعلی بلوچ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مستقل ہونے والے ملازمین کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ مستقل ہونے والے ملازمین میں سے(8) کا تعلق اوکاڑہ آرٹس کونسل جبکہ (39) کا تعلق لاہورآرٹس کونسل الحمراء سے ہے۔

مزید :

کلچر -