ایران : حکومت مخالف احتجاج جاری ، متعدد تھانے نذر آتش ، ہلاکتیں ، 20ہو گئیں ، 500گرفتار

ایران : حکومت مخالف احتجاج جاری ، متعدد تھانے نذر آتش ، ہلاکتیں ، 20ہو گئیں ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تہران (آئی این پی )ایران کے مختلف شہروں میں مسلسل چھٹے روز حکومت مخالف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد 20ہوگئی ، احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ پاکستان کی سرحد کے نزدیک واقع ایرانی شہر زاہدان تک پھیل گیا ہے، مظاہرین بپھر گئے اور متعدد پولیس تھانوں پر حملے کرکے انہیں لگادی،مختلف شہروں سے 500 کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا گیا ،صدر حسن روحانی نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج عوام کا حق ہے لیکن سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ سختی سے نماٹا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین بپھر گئے اور متعدد پولیس تھانوں پر حملے کرکے انہیں لگادی جبکہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 20تک جاپہنچی جس میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے تاہم سرکاری میڈیا نے سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ ایران کے وسطی صوبے اصفہان میں واقع شہر قہدریا ن میں پانچ مظاہرین ہلاک ہوگئے ہیں۔ اصلاح پسندوں اور بنیاد پرستوں کے خبری ذرائع کے مطابق مظاہرین نے شہر کے ہال کی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے بعد مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اصفہان کے ایک اور شہر نجف آباد میں مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔سابق صدر محمود احمدی نژاد کے نزدیک بعض ویب گاہوں نے غیر مصدقہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس شہر میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دو ہے اور وہ دونوں سپاہ پاسداران انقلاب کے اہلکار ہیں۔قبل ازیں ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران میں بارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی لیکن اس نے ان ہلاکتوں کی مزید وضاحت نہیں کی تھی۔اس طرح اب تک ہلاکتوں کی تعداد بیس ہوگئی ہے۔ایرانی پارلیمان کے ایک رکن نے سوموار کے روز میڈیا کو بتایا کہ ان میں دو مظاہرین جنوب مغرب میں واقع ایک چھوٹے قصبے ایذہ میں گولی لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔اس علاقے سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان ہدایت اللہ خادمی نے ایلنا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایذہ کے مکینوں نے بھی ملک کے دوسرے شہریوں کی طرح اقتصادی مسائل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا لیکن بدقسمتی سے اس دوران میں دو افراد مارے گئے ہیں اور بعض زخمی ہوگئے ہیں۔ایرانی حکومت نے قبل ازیں یہ اطلاع دی تھی کہ اس نے گذشتہ چار روز کے دوران میں 370 سے زیادہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایرانی کارکنان نے دعوی کیا ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران میں پکڑے جانے والے افراد کی تعدداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔صوبہ لورستان میں ایک سرکاری گاڑی دو افراد پر چڑھ دوڑی جس سے وہ دونوں اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ صوبہ تہران کے نائب گورنر علی اصغر ناصر بخت نے کہا ہے کہ مقامی پولیس نے اتوار کی شب شاہراہوں پر احتجاج کرنے والے قریبا دو سو افراد کو گرفتار کیا تھا۔ان میں سے چالیس افراد مظاہروں کی قیادت کررہے تھے۔ صوبہ مرکزی کے میئر کے مطابق غیر مجاز احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں ایک سو سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایران احتجاج

مزید :

علاقائی -