پی ٹی آئی کی امریکی رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد مذمت جمع

پی ٹی آئی کی امریکی رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد مذمت جمع

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی طرف سے پاکستان کے حوالے سے امریکی رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد مذمت جمع کرا دی گئی ہے جس میں ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قربانیوں اور شہادتوں کو یکسر فراموش کرتے ہوئے جو موقف اختیار کیا ہے اسے پاکستان کیلئے براہ راست دھمکی تصور کیا جاتا ہے ،امریکی صدر کا یہ بیان موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی اور سفارت کاری میں مکمل ناکامی کا ثبوت ہے جس پر پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے ،قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے نائن الیون کے واقعہ کے بعد دہشتگردی کے خاتمے اور دنیا میں امن کے قیام کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں اور ان قربانیوں کے باوجود ملک کے اندر دہشتگردی کے سینکڑوں واقعات رو نما ہوئے ہیں جن میں پاکستان میں کئی ہزار جانوں کا نقصان اور اربوں ڈالر کی املاک تباہ برباد ہوئی ہے ایم پی اے شعیب صدیقی نے قرار داد میں واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی فوج نے آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے بے شمار دہشتگردوں کا قلع قمع کیا ہے جس کے باعث افغانستان سے پاکستان میں کاروائی کیلئے آنے والے دہشتگردوں کی بیخ کنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ عالمی ولن کے طور پر اپنی اور امریکہ کی ناکامی چھپانے کیلئے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے جس پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے ۔ پی ٹی آئی کی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پاکستان کی سلامتی ،خود مختاری ،وقار ، عزت ،دہشتگردی کی جنگ میں ہونے والے نقصانات اور اس جنگ میں دی جانے والی لازوال قربانیوں اور شہادتوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ٹرمپ کے ٹوئٹ پر ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر منہ توڑ رد عمل کا مظاہرہ کرے اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے معزز ایوان کی طرف سے ٹرمپ کے الزامات کی شدید الفاظ میں کی جانے والی مذمت کو اس تک پہنچایا جائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1