جناح ہسپتال میں ایم ایس کی زیر صدارت انفلیونزا بارے مشاورتی اجلاس
لاہور)جنرل رپورٹر)جناح ہسپتال میں پرنسپل پروفیسر راشد ضیاء اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل ثقلین کی زیر صدارت موسمی زکام (N1,H1انفلیونزا)کے بارے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انفلیونزا کے مریضوں کی تشخیص اور علاج کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر سہیل ثقلین نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کی آگاہی اور راہنمائی کے لئے موسمی فلو سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق بینرز اور فلیکس پہلے ہی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل ثقلین کا کہنا تھا کہ موسمی فلو سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے تسلی بخش انتظامات موجود ہیں اور ہسپتال میں مریضوں کے لئے آئسولیشن وارڈ بھی قائم کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ماہر امراض سینہ و پھیپھڑا پروفیسر ڈاکٹر اشرف جمال ، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر خالد محمود خان، ڈاکٹر سید محمد جاوید احسن ، ڈاکٹر سجاد(آنکھ، کان ، گلہ) نے موسمی زکام بارے آگاہی لیکچرز دیئے۔ اجلاس میں جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز ، پیرامیڈکس اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔