علماء کونسل لاہور امریکی صدر کی دھمکیوں کیخلاف آج مظاہرہ کریگی

علماء کونسل لاہور امریکی صدر کی دھمکیوں کیخلاف آج مظاہرہ کریگی

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)امریکہ افغانستان میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ امریکی دھمکیوں کیخلاف سیاسی،مذہبی اورعسکری قیادت کو متحد ہوکر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام امریکی صدر کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کیخلاف آج3جنوری احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے لاہور میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائش چیئرمین حافظ شعیب الرحمن ،علامہ یونس حسن ،حافظ محمد طیب قاسمی،ڈپٹی سیکرٹری پنجاب مولانا محمد مشتاق لاہوری،حافظ سعید احمد میؤ،مولانا عبد اللہ قاسمی ،پیر حافظ محمد اسماعیل،مولانا رسال الدین آزاد،مولانا عثمان فاروقی،مولانا شفیق الرحمن نقشبندی،قاری عمادالدین ،مولانا محمد ابرار،مولانا انتظار احمد عثمانی ،مولانا طلحہ فاروقی ودیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا بیان حقائق کے منافی ہے۔پاکستان کیخلاف بیان سے امریکی عزائم واضح ہوچکے ہیں۔ قوم پاکستان کی سلامتی کیخلاف کسی بھی جارحیت کو تسلیم نہیں کرے گی۔ امریکی صدر کے بیان کو مدنظررکھتے ہوئے حکومت کو خارجہ پالیسی کا از سرنوجائزہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرکے ان کے ٹھکانے ختم کئے ہیں جبکہ امریکہ کا افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کیخلاف کارروائی نہ کرنا دوہرا معیار ہے۔پاکستانی قوم کا جینا اور مرنا اسلام اور پاکستان کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پرجمعہ5جنوری کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1