وفاقی محتسب کو ترقی نہ دینے کے خلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے ڈائریکٹر انوسٹی گیشن وفاقی محتسب محمد سعید کو ترقی نہ دینے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس جواد حسن نے محمد سعید کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پروموشن کے لئے میرٹ پر پورا اترتا ہوں،محکمہ کی جانب سے گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی نہیں دی جا رہی،متعدد درخواستیں دینے کے باوجود شنوائی نہیں ہورہی ۔پروموشن کے لئے تمام تر شرائط اور پالیسی پر پورا اترتا ہوں، درخواست گزار کی جانب عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ عدالت وفاقی حکومت کو میرٹ پر پروموشن دینے کا حکم دے، عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے اور اسی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔