ججوں اور جرنیلوں کے احتساب کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ججوں اور جرنیلوں کے احتساب کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(نامہ نگار خصوصی)سیاستدانوں اور عوام الناس کی طرح ججوں اور جرنیلوں کو احتساب کے عمل میں شامل کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔یہ درخواست معروف قانون دان اے کے ڈوگر نے دائر کی ہے جس میں عام قوانین کے تحت ججوں اور جرنیلوں کو احتساب کے عمل سے باہر رکھنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار قانون دان نے نشاندہی کی کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری برابر ہے اور ان سے کسی بھی معاملے میں امتیازی سلوک روانہیں رکھا جاسکتا ،درخواست گزار نے زور دیا کہ ملکی قوانین کے تحت ہر شہری کا یکساں احتساب ہونا چاہیے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک یا رعایت نہیں برتی جاسکتی،درخواست گزار کے مطابق صرف سیاستدان اور عام شہریوں کا احتساب امتیازی سلوک ہے جس کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں،درخواست گزار نے استدعا کی کہ قوانین کے تحت ججوں اور جرنیلوں کو بھی احتساب کے عمل میں شامل کیا جائے اور پارلیمنٹ کو اس بارے میں قانون سازی کا حکم دیاجائے۔

مزید : صفحہ آخر