یونین کونسلوں کو ترقیاتی فنڈز کااجرا نہ کرنے کے خلاف حکومت پنجاب کو نوٹس
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو ترقیاتی فنڈز کااجراء نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل یونس نول نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ پیکج کے تحت مسلم لیگ (ن)سے تعلق نہ رکھنے والے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کئے جارہے، انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات ،حافظ آباد اور جھنگ کی یونین کونسلوں کے لئے مختص کردہ 25لاکھ روپے کی ترقیاتی رقم اور وارڈز 5لاکھ روپے کی مخصوص رقم غیر قانونی طور پر مسلم لیگ (ن )ایم پی ایز کی جانب سے بھجوائی گئی ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص کی جارہی ہے، سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی گئی،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر ایسی سکیمیں منتخب عوامی نمائندوں کی منظوری سے ہی جاری ہو سکتی ہیں،اگر ضرورت ہوئی تو آئندہ سماعت پر حکم امتناعی جاری کیا جائے گاجس پرعدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔