12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری ہے ،سرتاج عزیز
اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے منصوبہ بندی کمیشن 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تشکیل کیلئے صوبوں کیساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ منگل کو منصوبہ بندی کمیشن میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کی تیاری کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کیونکہ آئین کی 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں میں مختلف موضوعات تقسیم کر دیئے گئے ہیں، 12ویں پانچ سالہ منصوبے کے سماجی و اقتصادی مقاصد کی قومی اقتصادی کونسل سے منظوری کے بعد یہ منصوبہ ایک پلیٹ فارم کے طو ر پر کام دے گا۔ 12ویں پانچ سالہ منصوبہ میں اقوام متحدہ کے 2030ء کیلئے منظور شدہ پائیدار ترقی کے اہداف کی طرز پر تشکیل کیا جائے گا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 12ویں پانچ سالہ منصوبہ کے وسیع سماجی اور معاشی مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز، صاف توانائی، زرعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعتی بحالی شامل ہیں۔ مسودے کی تمام دستاویزات قومی اقتصا د ی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
سرتاج عزیز