دلت قبیلے پر حملہ، بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ہنگامے پھوٹ پڑے، متعدد ہلاک و زخمی ممبئی میں ٹرین سروس معطل

دلت قبیلے پر حملہ، بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ہنگامے پھوٹ پڑے، متعدد ہلاک و ...

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں گزشتہ روز شروع ہونیوالے مظاہرے، فسادات بڑے پیمانے پر پھیل گئے ہیں اور ممبئی میں ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہنگامے گزشتہ روز اس وقت شروع ہوئے جب دلت قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد گروپوں کی شکل میں کوریگاؤں جنگ کی 200 ویں فتح کا جشن منانے کیلئے پونے جا رہے تھے کہ ان پر حملہ کر دیا گیا ۔ممبئی کے ضلع پونے میں شروع ہونیوالا تنازع ہنگاموں کی شکل اختیار کر چکا ہے، ان ہنگاموں میں اب تک کئی افراد ہلاک اور زخمی جبکہ 40 سے زائد گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔دلت قبیلے کے افراد نے حملے کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج اور سڑکیں بلاک کرنے کی کال دی تھی ۔ بھارت کے ریلوے حکام نے مضافائی علاقوں کْرلا اور وشی کے درمیان چلنے والے ٹرین سروس بھی معطل کر دی ہے جبکہ ممبئی ہائی وے پر منگل کے روز کئی گھنٹوں تک شدید ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا اٹھانا پڑا۔مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ دویندرا فیڈنوس نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ، انہوں نے فسادات کی انکوائری کا بھی حکم دیدیا ہے جبکہ پولیس نے 100 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ان فسادات پر بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے بنیادی ستون آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے بی جے پی کا فاشسٹ وژن یہ ہے کہ بھارت میں دلتوں کو ہمیشہ معاشرے کے سب سے نچلے درجے پر ہونا چاہیے، اْنا اور روہت ومیلا کے بعد بھیما کوریگاؤں واقعہ دلتوں کی مزاحمت کی ایک تازہ ترین مثال ہے۔بھارت کا آئین بنانے میں اہم کردار ادا کرنیوالے بی آر امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے بھی آج ممبئی میں ہڑتال کی کال دی ہے۔خیال رہے بھیما کوریگاؤں کی لڑائی جنوری 1818 میں برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی اور مراٹھا کے پیشوا باجی راؤ دوئم کے درمیان لڑی گئی تھی۔28000 جنگجوؤں پر مشتمل مراٹھی فوج نے پونے پر حملہ کیا تو اس دوران ان کا سامنا برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج سے ہو گیا۔مراٹھی قبیلے کے پیشوا باجی راؤ دوئم نے ایسٹ انڈیا کمپنی کو زیر کرنے کیلئے 2 ہزار اہلکار کوریگاؤں بھیجے تاہم ایسٹ انڈیا کمپنی جس میں دلت قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین اہلکار بھی موجود تھے، نے مراٹھیوں کو پسپا ہو نے پر مجبور کر دیا۔مہاراشٹرا میں گوریگاؤں کی جنگ کو بہت اہمیت حاصل ہے اور دلت اس جنگ کو مراٹھیوں کیخلاف اپنی فتح کے طور پر یاد کر

تے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر