جھوٹا اور مکار امریکہ خود دنیا کے امن کو تباہ کرنے کا ذمہ دار ہے: سراج الحق

جھوٹا اور مکار امریکہ خود دنیا کے امن کو تباہ کرنے کا ذمہ دار ہے: سراج الحق

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے امریکہ دنیا کا جھوٹا اور مکار ترین ملک ہے جس نے پوری دنیا کے امن کو تبا ہ کردیاہے ، امریکہ آج تک دنیا کو عراق اور افغانستان پر حملوں اور لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کا کوئی جواز فراہم نہیں کر سکا ۔ عراق پر کیمیا ئی ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر امریکہ نے دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ بولا۔ امریکہ میں موجود صیہونی لابی اور بھارت ٹرمپ کو مسلسل پاکستا ن کیخلاف اکسار ہے ہیں تاکہ اسلحہ کے امریکی تاجروں کے تباہ کن اسلحہ کا کاروبار ترقی کرسکے ۔ امریکہ افغانستان میں بری طر ح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق پاکستان پر الزام تراشی کررہاہے ۔ پاکستان ایک آزاد و خود مختار ملک ہے اور ہم اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔ امریکہ کی دہشتگردی کیخلاف نام نہاد جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ۔ ہما ر ے 70 ہزار سے زائد لوگ اس جنگ میں مارے گئے اور سو ارب ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان اٹھانا پڑا،افغانستان کا بارڈر کر ا س کر کے دہشتگرد پاکستانی سرحدی چوکیوں پر کئی بار حملے کر چکے ہیں جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ دہشتگردوں کے کیمپ افغانستان میں ہیں اور بھا ر ت کے افغانستان میں بے تحاشا قونصل خانے دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں ۔ ٹرمپ اپنے متنازعہ بیانات اور شخصیت کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک غیر سنجیدہ اور لاابالی شخص کے طور پر پہچانا جاتاہے ۔ امریکی صدر منتخب ہوتے ہی ٹرمپ کیخلاف شدید عالمی ردعمل اسکا واضح ثبوت ہے ۔ شام میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد ٹرمپ نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر دنیا کو ایک تباہ کن عالمی جنگ کے دھانے پر کھڑا کردیاہے ، ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہیں ، سیاسی و عسکری قیادت امریکی جنگ سے فوری علیحدگی اور پاکستان کو پہنچنے والے بھاری جانی و مالی نقصان کا امریکہ سے تاوان طلب کرے ۔پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر ہے ۔

مزید : صفحہ آخر