سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا،خواجہ عمران نذیر

سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا،خواجہ عمران نذیر

ملتان (وقائع نگار )صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے انقلابی اقدامات کی بدولت ہیلتھ سہولیات اب باآسانی عوام کو میسر(بقیہ نمبر14صفحہ12پر )

ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور علاج معالجہ کی تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ پنجاب کا ہیلتھ میپ دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل ہے ۔ ملتان سمیت نواحی علاقوں میں سیزنل انفلوائنزا سے بچاؤ کے لئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور شہریوں میں اس بارے میں آگاہی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔ مریض اور ان کے لواحقین جو پہلے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات نہ ہونے کا رونا روتے تھے اب حکومتی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے انقلابی اقدامات کی بدولت ہم آئندہ کا الیکشن بھی اپنی کارکردگی کی بناء پر جیتیں گے۔ ہمارے مخالفین بھی اب ہمارے اقدامات کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چلڈرن کمپلیکس ہسپتال ملتان کا وزٹ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر مختار حسین بھٹی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیرنے ہسپتال میں مریض بچوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں سہولیات بارے بھی معلومات لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن کمپلیکس کا نیابلاک فنکشنل ہونے سے شہریوں کو صحت کی سہولیات ان کے گھروں کے نزدیک فراہم کی جارہی ہیں اس کا کریڈیٹ بھی پنجاب حکومت کو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نجم شاہ نے بھی گزشتہ روز ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر الطاف رانا، ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال علوی،ڈاکٹر عفت پاشا و دیگر بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی بلاک کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ اپنے دورے کے دوران سیکرٹری ہیلتھ نے مریضوں اور ان کے ورثاء سے بھی بات چیت کی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر