پی پی20کا الیکشن لبیک یارسول ہی جیتے گی،علامہ خادم رضوی

پی پی20کا الیکشن لبیک یارسول ہی جیتے گی،علامہ خادم رضوی

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم رضوی نے پیر کے روز قصبہ بھون میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9جنوری کا دن رسول اللہ کے عاشقوں اور پروانوں کا دن ہے اور انشا ء اللہ پی پی20کا ضمنی الیکشن لبیک یارسول اللہ بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ اس موقع پر اڑھائی ہزار سے زائد افراد نے لبیک یارسول اللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔علامہ خادم حسین کو ایک بڑے ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ میں لایا گیا ۔ جلسے سے پیر لقمان شاہ ،پیر محمد یعقوب سیفی ،اور حلقہ پی پی20ضمنی الیکشن کے امیدوار ناصر منہاس ایڈووکیٹ اور عبدالنوید حیدری نے بھی خطاب کیا۔ علامہ خادم رضوی نے کہا کہ منکر ختم نبوت کے امیدواروں کو ووٹ دیناکسی طور پر بھی درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے بل پر جن پارلیمنٹرینز نے درستخط کیے ہیں ا ن میں مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین کے دستخط ہیں اور یہ سب توہین رسالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ناصر منہاس ایڈووکیٹ امیدوار حلقہ پی پی 20 نے خطاب کرتے ہوئے کہامیں ختم نبوتﷺ کی حفاظت کے لیے آیا ہوں ،اور انشاء اللہ جیتنے کے بعد ختم نبوتﷺ پر میں خود پہرہ دوں گا۔پیر لقمان شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک شخص کی مسلم لیگ ن کو حمایت کا مطلب ہر گز نہیں کہ تمام بریلویوں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9جنوری کی شام کو لگ پتا جائے گا۔ جلسے میں عبدالنوید حیدری مہتمم جامعہ المصطفے،مفتی شکیل احمد، مفتی عامر جاوید، عبدالواحد الزہری، امیر تحریک لبیک چکوال زین العابدین رضوی، نائب امیر تفسیر اقبال قادری ، عبدالرزاق چشتی، عبدالرحمن سیالوی، نعمان عادل مدنی، ضیاء الحق گولڑوی،منصب ساقی،مدنی تحریک،سنی تحریک،انجمن طلباء اسلام ،غوثیہ یوتھ فورس اور اہلسنت کی تمام تنظیمات نے شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر