کراچی میں پانی کی قلت ایک توجہ طلب مسئلہ ہے ،عامر خان

کراچی میں پانی کی قلت ایک توجہ طلب مسئلہ ہے ،عامر خان

کراچی (پ ر) دعا فاونڈیشن کے چیئرمین عامر خان اور وائس چیئرمین ممتاز عالم نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی قلت ایک توجہ طلب مسئلہ ہے، تاہم سماجی اور فلاحی شعبوں کی کارکردگی سے اس مسئلے پر ایک حد تک ضرور قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا فاونڈیشن کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکڑوں مقامات پر پانی کی فراہمی کے منصوبوں سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ دعا فاونڈیشن نے مختصر مدت میں کراچی کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی اور روز مرہ استعمال کے لیے پانی کے متعدد منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ بھینس کالونی، اورنگی ٹاون اور سرجانی ٹاون میں پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو بہت پریشانی کا سامنا تھا۔ علاقے کے عوام کی جانب سے دعا فاونڈیشن سے ان منصوبوں کے لیے درخواست کی گئی تھی۔ چیئرمین عامر خان نے کہا کہ ضروری نہیں کہ جس جگہ کھدائی کی جائے وہاں سے نکلنے والا پانی پینے کے قابل ہو، اس کے استعمال سے قبل اس کی لیباریٹری ٹیسٹ ضرور ہونا چاہیے تاکہ پانی میں ٹی ڈی ایس کے تناسب کا پتا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض جگہوں پر کھدائی کے بعد پانی میں ٹی ڈی ایس کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث علاقے کے عوام کو یہ باور کرایا گیا کہ اسے پینے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ کسی علاقے میں مختلف مقام پر کھدائی سے ایک جیسا پانی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت والے علاقوں میں عوام کی خوشی اس وقت دیدنی ہوتی ہے جب وہاں پانی کے منصوبے کا آغاز کیا جاتا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر