افسوس! تحریک انصاف سیاست کی اخلاقیات سے ناواقف ہے، وقت آنے پرملاقاتوں کی تفصیلات بتائی جائے گی:پرویزرشید
اسلا م آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاہے کہ افسوس! تحریک انصاف سیاست کی اخلاقیات سے ناواقف ہے جبکہ وقت آنے پرملاقاتوں کی تفصیلات بتائی جائے گی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘میں پرویز رشید کا گفتگوکرتے ہوئے کہناتھا کہ 13سال تک نوازشریف اور 8سال شہبازشریف کو انتخابی سیاست سے باہررکھاگیا جبکہ بے نظیربھٹوکوبھی 8سال سیاست سے باہررکھاگیالیکن ملک کی موجودہ صورتحال پاکستان کے عوام کی پیداکردہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی قیادت آج کل طاہرالقادری کے قدموں میں بیٹھی ہے اورپیپلزپارٹی میں باتیں کرنے والے اپنی پارٹی کی تاریخ سے آگاہ نہیں ہے مگر ہماری کوشش ہے سینیٹ الیکشن میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔حالات سے محسوس ہوتاہے کہ ہمارے ہاتھ پاؤں باندھے جارہے ہیں۔
پرویزرشید کا مزید کہناتھاکہ اچانک وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتمادلائی جارہی ہے جبکہ رہنماؤں کا فرض ہے کہ عوام کواصلی صورتحال سے آگاہ رکھیں۔دوسری جانب نوازشریف روز احتساب عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں ،پاکستان کے عوام ایسی باتیں اچھی طرح جانتے ہیں ، اس طرح کے اقامے اوربہانے الیکشن سے پہلے نہیں ہوتے۔