حکومتی وزراء ٹرمپ اور مودی کی زبان بول رہے ہیں،خرم دستگیر کی جماعۃ الدعوۃ کیخلاف گمراہ کن بیان بازی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے:یحییٰ مجاہد
لاہور(جماعت الدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے وزیر دفاع خرم دستگیر کے اس بیان کہ ”جماعۃ الدعوۃ کیخلاف کارروائیوں کا تعلق امریکہ سے نہیں ‘ یہ آپریشن ردالفساد کا حصہ ہے اور یہ کاروائی اس لئے کر رہے ہیں کہ آئندہ دہشت گرد بچوں کو گولیاں نہ مار سکیں“ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض حکومتی وزراءملک میں ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں، آپریشن ردالفساد کی حمایت سب سے پہلے جماعۃ الدعوۃ نے کی،خرم دستگیر کی طرف سے جماعۃ الدعوۃ کیخلاف گمراہ کن بیان بازی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کیخلاف اقدامات کس کے کہنے پر اٹھائے جارہے ہیں؟سانحہ پشاور جیسی دہشت گردی کی وارداتوں میں انڈیا کے ملوث ہونے اور کلبھوشن کی دہشت گردی کا نام لینے سے حکمرانوں کو شرم آتی ہے جبکہ پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے والوں کیخلاف مذموم پروپیگنڈا کر کے بیرونی آقاﺅں کو خوش کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ موجودہ حکمران ملکی سلامتی کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں، ڈان لیکس جیسی سازشوں کے ذریعہ ملکی سلامتی سے متعلقہ اداروں کو بدنام کرنے کی کوششیں کرنے والوں نے ذلت و رسوائی کے باوجود اپنی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، اس وقت بھی جب امریکہ کھلی دھمکیاں دے رہا اور پاکستان کیخلاف کاروائی کیلئے انڈیا کو شہ دی جارہی ہے ، پاکستانی حکمران بھارت و امریکہ کی کاسہ لیسی میں مصروف ہیں اوربیرونی ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول برباد کرنے کی مذموم سازشیں کی جارہی ہیں۔
یحییٰ مجاہد نے کہاکہ سانحہ پشاور کے دوران جماعۃ الدعوۃ اور ایف آئی ایف کے رضاکار برستی گولیوں میں زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچاتے اور خون کے عطیات دیتے رہے،ہم ملک بھر میں سینکڑوں سکول چلا رہے ہیں، جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی ملک گیر سطح پر رفاہی و فلاحی سرگرمیوں کا اعتراف اقوام متحدہ اورخود حکومتی ادارے بھی کر چکے ہیں،بھارت و امریکہ کی خوشنودی کیلئے رفاہی و فلاحی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے اورجھوٹے و بے بنیاد پروپیگنڈہ کی پوری قوم شدید مذمت کرتی ہے۔
اپنے پسندیدہ لائیو ٹی وی چینلز دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں