کوہاٹ پولیس کاسرچ اینڈسٹرائیک آپریشن ، 39اشتہاری گرفتار ، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

کوہاٹ پولیس کاسرچ اینڈسٹرائیک آپریشن ، 39اشتہاری گرفتار ، بھاری مقدار میں ...

پشاور (سٹاف رپورٹر)کوہاٹ پولیس نے ماہ رفتہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کی مختلف کاروائیوں میں 39مطلوب اشتہاریوں اور 27سہولت کاروں سمیت 10972مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے تحت جاری کریک ڈاؤن میں اسلحہ و منشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے ۔تلاشی آپریشن کی کاروائیوں کے دوران گرفتار افراد میں 8غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر ایس پی آپریشنز صلاح الدین کنڈی اور سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کو مد نظر رکھتے ہوئے کوہاٹ کے چاروں سرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز ،اچانک چھاپوں اور کریک ڈاؤن کے تسلسل میں پولیس نے ماہ دسمبر کے دوران شہر اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کی کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل بھتہ خوری ،اغواء اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب39مجرمان اشتہاریوں اور انکے 27سہولت کاروں سمیت 10972مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔شہر کے مختلف مقامات پر کاروائیوں کے نتیجے میں سفری وشناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 8افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف ملک بدر کرنے کی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ماہ رفتہ ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران 25کلاشنکوف،2کلاکوف،15ریپیٹر،8رائفل،45بندوق،160پستول،مختلف بور کے 12ہزار کارتوس اور 210چارجرز برآمد کئے گئے۔آپریشنز کے دوران ضلع بھر میں 1480مکانات چیک کئے گئے جن میں مقیم 38غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی چیکنگ کے دوران غیر مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر 15نجی کاروباری مراکز کے خلاف مقدمات قائم کئے گئے۔منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 90ہزار گرام چرس، 5ہزار گرام ہیروئن اور 4بوتل شراب برآمد کرکے 16منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ماہ رفتہ پولیس نے وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھوٹی بڑی 24000گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور 46000افراد کا ڈیٹا چیک کیا جن میں 1072افراد کو زیر 107/151اور 1100افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعہ 55/109کے تحت حراست میں لیکر چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ 2165موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردئیے گئے ۔اسی طرح ہوائی فائرنگ کے سد باب کے حوالے سے ڈی پی او کی طرف سے واضح احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 88 افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کے 130عدد ہتھیار اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں پابند سلاسل کردیا گیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر