تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل،چودھری سرور
وزیرآباد(نا مہ نگار،نمائندہ خصوصی)تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تعلیم پیغمبری شعبہ ہے تعلیم کے فروغ میں تعلیمی اداروں اوراساتذہ کاکردار اہم ہے تعلیم سے خواندگی میں اضافہ ہوتا ہے خواندگی کے اضافہ والا معاشرہ ہی قوموں کی ترقی میں اہم کرداراداکرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے الائیڈ سکول کے سٹاف اور طلباء کاامتیاز کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں انشاء اللہ پڑھا لکھا پنجاب کے خواب کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی صحت عامہ کے لئے صاف پانی ،شعبہ صحت اور شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں۔انشاء اللہ جلد ہی پنجاب کے عوام کی خوشحالی اوربہتری کے لئے اقدامات واضح نظر آئیں گے اور پنجاب کو دوسرے صوبوں کے مقابلے میں مثالی صوبہ بنانے میں ہر صلاحیت بروئے کار لائینگے۔پنجاب میں ہر سو خوشحالی اور ہر فرد پڑھا لکھا ہو گا۔میں نے اپنے عوام کی خاطر غیر ملکی شہریت چھوڑی انشاء اللہ اپنے مشن کو بخوبی پورا کروں گا۔
چودھری سرور