مشکل و غیر مقبول فیصلوں کا مقصد عوامی مفاد، شہری بھی اونرشپ لیں :علیم خان

مشکل و غیر مقبول فیصلوں کا مقصد عوامی مفاد، شہری بھی اونرشپ لیں :علیم خان

لاہور( جنرل رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے سرکاری اراضی پر تجاوزات کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائیگی، کسی قیمت پر بھی ایک انچ سرکاری اراضی پر قبضہ برداشت نہیں اور عدالتی احکامات کی روشنی میں شہروں کی اصل حالت بحال کریں گے ، گزشتہ روزوزیر اعلیٰ پنجاب کی تجاوزات پر قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے، سرکاری اراضی سے قبضے واگزار کرنے کیلئے جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رکھا جائے ، مو جودہ حکومت وسیع تر عوامی مفاد میں مشکل اور غیر مقبول فیصلے کر رہی ہے اب شہریوں کو بھی اونر شپ لیتے ہوئے تجاوزات کیخلاف آگے آنا چا ہیے کیونکہ اس مہم کا اصل فائدہ تاجروں اور قانون پر عمل کرنیوالے شہریوں کو ہی ہونا ہے، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق قوانین و ضوابط پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، بہترین نتائج کیلئے ایماندار اور اہل افسران کی ضرورت ہے جنہیں حکومت بھرپو ر سپورٹ فراہم کر ے گی ، تجاوزات مہم میں کچی آبادیوں کو نہ چھیڑنے اور غریب افراد کو کم سے کم تنگ کرنے کی پالیسی پربھی عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے لاہور شہر میں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بالخصوص شاہ عالم مارکیٹ میں سرکاری اراضی پر قائم دکانوں اور پلازوں کو مسمار کرنے ،لاہور امپرو منٹ انٹرسٹ اور 1936کے نقشوں کے مطابق عمارات کی اصل حالت میں بحالی کے بارے میں آگاہ کیا ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ شاہ عالم مارکیٹ کے علاوہ فش مارکیٹ اور اندرون شہرمیں بھی تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور ضلعی انتظامیہ والڈ سٹی اتھارٹی سے رابطے کیساتھ آگے بڑھے ،انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کی تجاوزات کے خاتمے اور ملبہ اٹھانے کیلئے کی جانیوالی شبانہ روز کاوشوں کو سراہا،اجلاس میں انڈسٹریز ،بلدیات اور ریونیو کے سیکرٹریز کے علاوہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بھی شرکت کی۔

علیم خان

مزید : صفحہ آخر