پنجاب میں دھند اور فنی خرابی کے باعث 4پاور پلانٹس بند، لوڈشیڈنگ میں اضافہ

پنجاب میں دھند اور فنی خرابی کے باعث 4پاور پلانٹس بند، لوڈشیڈنگ میں اضافہ

لاہور(کرائم رپورٹر) پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) نے کہا ہے کہ پنجاب میں شدید دھند اور فنی خرابی کی وجہ سے 4پاور پلانٹس سسٹم سے نکلنے کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھا دیا گیا ، لاہور میں ہرایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کیلئے فیڈر بند کیا جارہا ہے، دھند اور فنی خرابی دور ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔پیپکو حکام کے مطابق گدو، بلوکی، نشاط اور نشاط چونیاں پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے جس سے مجموعی طور پر 2500 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔پیپکو حکام نے کہا ہے کہ شارٹ فال پر قابو پانے کیلئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھا دیا گیا ہے اور لیسکو کا کوٹہ 2ہزار میگاواٹ سے کم کر کے ایک ہزار کر دیا گیا ہے۔پیپکو حکام کے مطابق لاہور کے متعدد فیڈرز بند ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شہر میں ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کیلئے فیڈر بند کیا جارہا ہے۔پیپکو حکام نے امید ظاہر کی کہ دھند اور فنی خرابی دور ہوتے ہی بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

لوڈشیڈنگ

مزید : صفحہ اول