احد چیمہ سمیت 4 مختلف کیسوں میں ملزمان کے جوڈیشل اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع

احد چیمہ سمیت 4 مختلف کیسوں میں ملزمان کے جوڈیشل اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری نے ایل ڈی اے سٹی کیس میں ملوث سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ اور دیگر چار مختلف کیسوں میں ملزمان کے جوڈیشل اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی ۔ ملزمان کو گزشتہ روز پولیس کی نفری کے ساتھ ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت میں ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد خان چیمہ کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا ہے ، 2 دیگر ملزمان ملک آصف اور رشید احمد کو بھی پیش کیا گیا ،عدالت نے تینوں کی حاضری مکمل کرنے کے بعد تینوں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10جنوری تک توسیع کردی،عدالت نے سرگودھا نیورسٹی کیس میں پروفیسر راؤجمیل، وارث نعیم، نعیم مختار کو عدالت میں پیش کیا ۔عدالت کو دو ملزمان اکرم محمد علی کے بارے میں بتایا گیاکہ وہ ہسپتال میں داخل ہیں جبکہ پروفیسر میاں جاوید انتقال کرچکے ہیں جس پرعدالت نے ریفرنس سے میاں جاوید کا نام نکال دیا دیگر تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10جنوری تک توسیع کردی ہے،علاوہ ازیں احتساب عدالت نے ایم ایم موٹرسائیکل کیس میں چار ملزمان قاسم اویسِ افتخار محمد اسد اور بشارت کا نیب کو 11جنوری تک جسمانی ریمانڈ دے دیاہے۔

اسی طرح احتساب عدالت نے متروکہ وقف املاک کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کے ریفرنس کی سماعت بھی 15جنوری تک ملتوی کردی ہے۔

مزید : علاقائی