آرٹسٹوں کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں، فیاض الحسن چوہان

آرٹسٹوں کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت پنجاب فنکاروں کی فلاح وبہبود اور علاج و معالجے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اس لئے صوبے میں فنکاربرادری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے4لاکھ مالیت کا آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروایا جارہا ہے۔جس سے ہر سال فنکاروں سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ مختلف شعبہ جات کے افراد مستفید ہونگے۔ابتدائی مرحلے میں چھ ہزار فنکاروں اور ان کی فیملیز کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ادب وثقافت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے سفیر ہوتے ہیں جو ملکی ترقی اور نیک نامی کے لئے کام کرتے ہیں،ہم ان کو مشکل وقت میں بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے،وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے فنکاروں کی بہبود کیلئے بھرپور نتائج کے حامل اقدامات کئے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بہت کچھ بہتری کی طرف گامزن ہوتا نظر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے آج الحمراء میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت معاشی تنگدستی کا شکار فنکاروں میں چیکس کی تقسیم کے دوران کیا۔اس مد میں ابتدائی طورپر ستائیس فنکاروں،کیمرہ مینوں اور تکنیک کاروں میں مختلف مالیت کے چیکس تقسیم کیے گئے۔چیکس وصول کرنے والوں میں الطاف حسین،حسن عسکری،مقصود احمد بٹ اور فرخ خان سمیت دیگر اورفنکاربھی شامل ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہا ن نے مزید کہا کہ حکومت آرٹسٹوں کی خدمات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے او ر ان کے مسائل کے حل کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔تقریب میں ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء اطہرعلی خان کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر اطہرعلی خان کاکہنا تھا کہ آرٹسٹوں کی مالی امداد سے فنون لطیفہ کو فروغ ملے گا۔ تقریب میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت چیکس حاصل کرنے والے فنکاروں نے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے فنکار اقدامات کوسراہا اور آرٹسٹوں کے مسائل اور ان کے حل کے لئے کی گئی خصوصی کوششوں پر صوبائی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید : کلچر