شاہینوں کا پروٹیز سے آج دوسرا ٹاکرا ، قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ک ایک موقع مزید دینے کا فیصلہ

شاہینوں کا پروٹیز سے آج دوسرا ٹاکرا ، قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ک ایک موقع مزید ...

کیپ ٹاؤن(رپورٹ،فہیم شبیر سے)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہورہا ہے۔پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن کی غیر ذمے دارانہ کارکردگی کے باوجود پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں اپنی بیٹنگ لائن کو ایک اور موقع دینا چاہتی ہے تاہم سیریز میں واپس آنے کے لئے پاکستان کو اپنے سب سے مستند فاسٹ بولر محمد عباس کی خدمات حاصل ہیں۔توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی جائے گی اور حسن علی کی جگہ محمد عباس کھیلیں گے۔ نیو لینڈز کیپ ٹاؤن میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں، اس گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ ہوئے ہیں اور تینوں میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دی، 2003 میں پاکستان کو اننگز اور 142 رنز، 2007 میں پانچ وکٹوں اور 2013 میں چار وکٹوں سے ہرایا، اس میچ میں اسد شفیق اور یونس خان کی سنچریاں بھی پاکستان کو ہار سے نہ بچا سکی تھیں۔پاکستان نے آج تک جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کوئی سیریز نہیں جیتی، اگر جنوبی افریقہ نے دوسرا ٹیسٹ بھی جیت لیا تو وہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف پانچویں سیریز جیت لے گی۔ اس سے قبل 1994 میں جنوبی افریقا نے ایک صفر،2002 میں دو صفر، 2007 میں دو ایک اور 2013 میں مصباح الحق کی پاکستانی ٹیم کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔1997 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز ایک ایک سے برا بر رہی تھی، 2003 میں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف واحد سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور ان کی اس جیت میں 11 وکٹیں لے کر مرکزی کردار ڈوئن اولیوئیر نے ادا کیا۔جنوبی افریقا کے اسٹرائیک بولر ورنن فیلینڈر کے زخمی ہونے کے بعد اولیوئیر کو کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا، فیلنڈر اب فٹ ہوگئے ہیں۔کیپ ٹاؤن میں فلینڈر نے 9 ٹیسٹ میچوں میں 16 کی اوسط سے 49وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، اس کے علاوہ وہ بولنگ آل راؤنڈر کا کردار بھی ادا کرتے ہیں، انھوں نے پچھلے 21 میچوں میں 700 سے زیادہ رنز اسکور کیے ہیں۔ کگیسو ربادا بھی جنوبی افریقی پیس بیٹری کا حصہ ہیں جب کہ پروٹیز کے سب سے سینیئر اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ڈیل ا سٹین کو بھی ڈراپ نہیں کیا جائے گا، اولیوئیر کو کھلانے کا واحد طریقہ بیٹسمین تھیونس ڈی برؤن کو ڈراپ کرنا ہے۔نیو لینڈز کی پچ پر اسپنرز کے لئے مدد موجود ہے۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے اور پانچویں دن کو وکٹ سے ممکنہ طور پر اسپنرز کو ملنے والی مدد کو مدنظر رکھتے ہوئے میزبان ٹیم اپنے اسپنر کیشپ مہاراج کو ڈراپ کرنے کا خطرہ مول لینا نہیں چاہتی۔دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا، پاکستان کے خلاف اسپن بولر بھی کھلانا چاہتا ہے اور یہ ذمہ داری کیشو مہاراج پوری کریں گے اور پاکستان یاسر شاہ کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر کھلائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی