ہاکی کی بحالی وترقی کے لئے بھرپوراقدامات جاری‘ ڈی جی سپورٹس

ہاکی کی بحالی وترقی کے لئے بھرپوراقدامات جاری‘ ڈی جی سپورٹس

لاہور (سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ کرکٹ کی طرح ہاکی کو بھی عوام پسند کرتے ہیں،ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب بھرپور اقدامات کررہا ہے، انڈر 16کھلاڑیوں کے لئے جاری کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہاکی کا تربیتی کیمپ گوجرہ میں لگایا گیا ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو کوچز تربیت دے رہے ہیں، ہاکی کے فروغ کے لئے رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کی خدمات قابل ستائش ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز منی ہاکی سٹیڈیم پچ ٹو میں رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا منی ہاکی سٹیڈیم آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، مہمان خصوصی کو گلدستہ پیش کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک محمد انیس شیخ، رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے سربراہ رانا ظہیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی و دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ، ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لئے اقدامات کئے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے جب بھی کوئی ایونٹس منعقد کیا ہے اس میں ہاکی کو ضرور شامل کیا ہے،اب انڈر 16کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ جاری ہیں، گوجرہ ہاکی سٹیڈیم میں کوالیفائیڈ کوچز رانا خالد اقبال، خاور جاوید اور اشرف کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں، ہاکی میں بہت ٹیلنٹ ہے جس کو تلاش کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے ہاکی کے فروغ کے لئے رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہاکی کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں، رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی نئے نوجوان سامنے لارہی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اکیڈمی کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور کھلاڑیوں نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کے ساتھ گروپ فوٹو ز بھی بنوائے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی