آفتاب قرشی ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ‘ ترک پلاسٹ نے چوہدری سپورٹس کو شکست دیدی

آفتاب قرشی ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ‘ ترک پلاسٹ نے چوہدری سپورٹس کو شکست دیدی

لاہور (سپورٹس رپورٹر)سٹیگ کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے چھٹی آفتاب قرشی ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ کے سپر راؤنڈ میں ترک پلاسٹ نے چوہدری سپورٹس کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ چوہدری سپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 21.2 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے۔ چوہدری شفقت حسین نے 29 اور جاوید حفیظ نے 17 رنز بنائے۔ ترک پلاسٹ کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5/9، کامران حسین 3/18 اور سرفراز احمد نے 2/14 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں ترک پلاسٹ نے 15.5 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پوراکرلیا۔ کامران حسین نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز ناٹ آؤٹ اور رانا نوید الحسن نے 21 رنز بنائے۔

چوہدری سپورٹس کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذوالفقار احمد نے 6/30 اور شیراز بٹ نے 1/12 وکٹ حاصل کیں۔ احسن رضا، شوزب رضا امپائر جبکہ اظہر حسین سکورر تھے۔ میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل امپائر احسن رضا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے کامران حسین کو مین آف دی میچ کا انعام دیا۔ اس کے علاوہ سی ای او ترک پلاسٹ حماد مقبول نے رانا نوید الحسن اور مخالف ٹیم کے باؤلر ذوالفقار احمد کو کیش ایوارڈ سے نوازا۔ چوہدری شفقت حسین ہمراہ تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی