ویمن کرکٹ کیلئے آسٹریلیا ، انگلینڈ ‘بھارت کا انفراسٹرکچر ضروری ‘ثنا ء میر

ویمن کرکٹ کیلئے آسٹریلیا ، انگلینڈ ‘بھارت کا انفراسٹرکچر ضروری ‘ثنا ء میر
 ویمن کرکٹ کیلئے آسٹریلیا ، انگلینڈ ‘بھارت کا انفراسٹرکچر ضروری ‘ثنا ء میر

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا ء میر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا ، انگلینڈ اور بھارت کی ویمن کرکٹ کا انفراسٹرکچر ہم سے بہت آگے ہے اور ہمیں بھی اسی سمت میں کام کرنے کی ضرورت ہے ،ٹاپ رینکنگ میں آنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا، اگر پاکستان کرکٹ کاسٹرکچر بہتر ہوگا تو ویمن کرکٹرز کو میری طرح 13 برس انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے ثناء میر نے کہا کہ ٹاپ رینکنگ اور سال کی بہترین ٹیموں میں آنا اعزاز ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹاپ رینکنگ میں شامل ہو، ویمن کرکٹرز کے لیے ٹاپ رینکنگ میں آنا بڑی اہمیت کا حامل ہے۔کرکٹ کو خیرباد کہنے سے متعلق سوال پر ثنا ء میر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا سوال بہت مشکل ہے اس بارے میں اکثر سوچتی بھی ہوں لیکن پاکستان کے لئے کھیلنا اچھا لگتا ہے جب تک ٹیم کو ضرورت ہوئی کھیلوں گی۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت سمیت دیگر ملک پاکستان سے بہت آگے ہیں ، ہمیں بھی اس سمت میں آگے بڑھنا ہوگا۔واضح رہے کہ ثنا ء میر گزشتہ سال شاندار کارکردگی کی بنیاد پر عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر بنیں اور کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کو پہلی بار یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ حال ہی میں انہیں آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دا ایئر میں بھی شامل کیا گیا اور یہ بھی پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی ویمن کرکٹر نے آئی سی سی ڈریم ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی