یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد

یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد

لاہور (پ ر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے سلسلہ میں یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزکے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے کھیل کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جس میں کرکٹ ،ہاکی اور فٹبال کے مقابلے ہوئے ۔اس حوالے سے کرکٹ کے دو میچ کھیلے گئے ۔ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی انڈر 18ٹیم نے اقبال ظہور کرکٹ اکیڈمی کو15رنزسے شکست دی جبکہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی انڈر 16کرکٹ ٹیم نے بیکن ہاؤس کرکٹ ٹیم کو 3وکٹوں سے شکست دی۔ تقریبات کے دوسرے مرحلے میں یونیک گروپ کی ٹیم نے پاک ہیرو کلب کے ساتھ ہاکی میچ کھیلا جو ایک ایک گول سے برابر رہا ۔اس میچ کے مہمان خصوصی سابق ہاکی اولمپین اختر رسول تھے ۔تیسرے مرحلے میں یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی فٹبال ٹیم نے پنجاب سکول کے ساتھ میچ کھیلا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔ کھیلوں کے مقابلوں کے اختتام پر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزمیں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ایڈ من پروفیسر جہانزیب انور ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے یوم ولادت کے موقع پر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جس کا مقصد طلبہ میں جذبہ مسابقت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی اہمیت سے بھی روشناس کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے جلد تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں لاہور کے دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔پروفیسر جہانزیب انور ملک نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل میں تحریک پاکستان اور اپنے دیگر قائدین کی خدمات کو روشناس کروانے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کرتے رہنا چاہئے ۔

جس سے نوجوان نسل کو انکے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کا موقع ملے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی