فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن ، 29ہزار کلو سے زائد ناقص مصالحہ جات ضبط

فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن ، 29ہزار کلو سے زائد ناقص مصالحہ جات ضبط

لاہور ( سٹی رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کھلے مرچ مصالحوں پر مکمل پابندی پر عملدرآمد کیلئے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤ ن شروع کرتے ہوئے کل 379 مقامات کی چیکنگ کی اور 29ہزار 712کلو کھلے ملاوٹی مصالحہ جات ضبط کر لیے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور زون میں 141، راولپنڈی میں 109 جبکہ جنوبی پنجاب میں129 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ 144مصالحہ یونٹس کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک بند کر دی گئی ۔ 101پوائنٹس پر مصالحہ جات پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق فروخت کیے جارہے تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ زیادہ جگہوں پر پنجاب فوڈ اتھارٹی قانون پر عمل درآمد ہونا خوش آئندبات ہے۔ مصالحہ انڈسڑی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ملاوٹ کے خاتمے کے اقدامات کو خوش دلی سے قبول کر رہی ہے۔ صوبہ بھر کی فوڈ انڈسٹری کو جون 2017 میں کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر پابندی بارے آگاہ کر دیا گیا تھا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ ملاوٹی مصالحہ جات معدے اورانتڑیوں کے کینسر سمیت متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں،پابندی کا مقصد کھلے مصالحہ جات میں مضرِ صحت اشیا کی ملاوٹ کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ مصالحہ انڈسڑی سے وابستہ افراد کی ٹریننگ اور 18ماہ کا بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم دینے کامقصد کاروبار بند نہیں بلکہ اصلاح کر نا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1