ایف سی ٹریننگ کیمپ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش افسوسناک ہے، زاہد قاسمی
لاہور( نمائندہ خصوصی )بلوچستان میں ایف سی ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کی حملے کی کوشش افسوسناک ہے۔ایف سی ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنانے اور باغ سیکٹر میں بھارتی جاسوس ڈرون مارگرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ایف سی ٹریننگ کیمپ پر حملہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ بھارتی رویہ اور انتہاپسندانہ سوچ قابل مذمت ہے۔ بھارت ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر مسلسل شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔لائن آف کنٹرول پر بھارت کا پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانا غیر اخلاقی عمل اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے لاہور میں علماء سے گفتگوک کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا عبید الرحمن ضیاء،مولانا یار محمد عابد،پیر جی خالد محمود قاسمی،حافظ محمد شعبان صدیقی،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی، حافظ شعیب الرحمن ، پیر ثناء اللہ حسینی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا حافظ محمد امجد، مولانا محمد مشتاق لاہوری، حافظ مقبول احمد ،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،مولانا عبد اللہ قاسمی ودیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے اور بھارت کو کنٹرول لائن،ورکنگ باؤنڈری اور مقبوضہ کشمیر میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ۔انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں اور محنتوں کی وجہ سے بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ پاک فوج نے بلوچستان سے ملک دشمنوں کا خاتمہ کرکے مثالی امن قائم کیا ہے ۔