گورنر پنجاب نے کنگ ایڈورڈ میں نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا
لاہور(پ ر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں مقبول احمد بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔نئے بلاک کی عمارت 4 منزلہ ہو گی جس پر 680 ملین روپے لاگت آئے گی۔ عمارت 21 ماہ میں مکمل ہو گی۔ نئے بلاک کی تعمیر کے لئے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر مقبول احمد نے رقم عطیہ کی ہے۔ ڈاکٹر مقبول احمد نے 1968 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے ڈاکٹر مقبول احمد کو نئے بلاک کی تعمیر کے لےئے رقم عطیہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک جا کر بھی اپنے وطن اور اپنی بنیادوں کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں ملک کو وہ پاکستان بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے جس کا خواب علامہ محمد اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو مثالی درسگاہیں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران کی تعیناتیاں صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گی اور کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء تک تمام یونیورسٹیوں کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا نیز واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ گورنر پنجاب کی ہدایت پر یونیورسٹی کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کے لئے واٹر فلٹریشن پلاں ٹس نصب کر دئیے گئے ہیں۔
چودھری سرور