بحرانوں کا خاتمہ موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں،پیر اشرف

بحرانوں کا خاتمہ موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں،پیر اشرف

فیروزوالہ(نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اوررکن پنجاب اسمبلی پیرمحمداشرف رسول نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی معاشی ویژن نہیں۔ ملک میں جاری بحرانوں کا خاتمہ اور قوم کے دکھوں کا مداوا کرنا نااہل حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔بے روزگاری اور مہنگائی کے طوفان نے ثابت کر دیا کہ حکومت کا اصل مشن کچھ اور ہے وزیراعظم کا کشکول اٹھا کر پھرنا پاکستان کی تضحیک ہے۔ عمران خان مسٹر کلین بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، ان کے ارد گرد موجود کرپٹ افراد کا ٹولہ ان کے تمام دعووں کی نفی کرنے کے کافی ہے عوام بہت جلد حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے مسلم لیگ ن نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کیا مگر نااہل حکومت نے آتے ہی ہر چیز کو ترقی سے تنزلی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) تحصیل فیروزوالہ کے صدر حاجی ظفر احمدمظفر،میاں مشتاق احمد،چوہدری ریاض احمدگجر ،حامد علی شاہ اوردیگرارکان بھی موجود تھے۔ایم پی اے پیرمحمداشر ف رسول نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں ترقی کے دعویداروں نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے عوام سراپا احتجاج ہے لیکن حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کو سہانے خواب دکھانے والے اس وقت صرف ذاتی مفادات کا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں

مزید : میٹروپولیٹن 1