تھرکول ماڈل اسکول میں 48 طلبا کو داخلہ دیا گیاہے،وزیراعلیٰ سندھ

تھرکول ماڈل اسکول میں 48 طلبا کو داخلہ دیا گیاہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسلام کوٹ کے نزدیک ولیج سنہری درس میں تھر کول فیلڈ ٹو کے متاثرین کے لیے قائم ماڈل اسکول میں گذشتہ روز 48 طلبا کو داخلہ دیا گیاہے۔داخلہ لینے والے بچوں میں زیادہ تر تعداد ان بچوں کی ہے جو پہلی مرتبہ اسکول میں داخل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ہم نے انہیں نہ صرف یہ کہ اچھے گھر رہنے کے لیے دیئے بلکہ ان کے بچوں کو تعلیم بھی فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو وزیراعلی ہاؤس کراچی سے جاری ہونے والے بیان میں کہی ۔ وزیر اعلی سندھ نے کہاکہ چند دن قبل سندھ حکومت نے تھر فاؤنڈیشن کے ذریعے بھیل کمیونٹی کو نئے ماڈل ولیج نیو سنہری درس میں منتقل کیاتھا اور بروز منگل ان کے بچوں کوتھر فاؤنڈیشن کینئے اسکول جوکہ تین منزلہ ہے اور اس میں پری پرائمری سے میٹرک تک 900طلبا کی گنجائش ہے میں داخلہ دیاگیا ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے اس پہلے گروپ نئے سال کے پہلے دن اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے ۔اسکول میں داخل ہونے والے بچوں میں سے 80 فیصد بچوں نے پہلی مرتبہ اسکول میں داخلہ لیا ہے جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید بچے بھی داخل ہوں گے یہ بچے تھر کا مستقبل ہیں اور ہم ان کے شاندار مستقبل کے لیے دعا گو ہیں ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس اسکول میں داخل ہونے والے بچوں کی تعداد 300 سے زائد ہوچکی ہے کیونکہ قریبی دیہاتوں کے بچے بھی اسی اسکول میں داخلہ لے رہے ہیں اور زیادہ گھر منتقل ہونے سے زیادہ بچے داخل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن کے تحت تھر پارکر کے اسلام کوٹ اور مٹھی تعلقوں میں چلنے والے24 اسکولوں میں 2300 طلباداخل ہیں۔واضح رہے کہ تھر کول فیلڈ ٹو کے 36 متاثرہ خاندان نیوسنہری ولیج میں منتقل اور سیٹل ہوچکے ہیں اور 30 مزید آئندہ 10 دنوں تک منتقل ہوں گے اور مارچ کے آخر تک باقی ماندہ 106 خاندان ماڈل ولیج میں منتقل ہوجائیں گے۔تھر کول فیلڈ کے کے متاثرہ خاندانوں کی تعداد 172 ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول